• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانی پی ٹی آئی کے حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے: علامہ راجہ ناصر عباس

اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس — فائل فوٹو
اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس — فائل فوٹو 

اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی پاکستان کے معزز شہری ہیں، ان کے کچھ حقوق ہیں جن کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔

راجہ ناصر عباس نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پہلے یہ کہا گیا کہ بانی بیمار ہی نہیں ہیں، ان کی صحت سے متعلق ہمارے سخت تحفظات ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات سے کیا ہو جائے گا؟ نہ ڈریں کسی سے، بانی سے ملاقات کرنا ان کی فیملی کا حق ہے۔

راجہ ناصر عباس نے مزید کہا کہ کیا ایک بزرگ سیاستدان کو علاج کے لیے بیرونِ ملک جانے نہیں دیا تھا؟

اُنہوں نے سوال کیا کہ کیا پولیس کو حق ہے کہ پُرامن مظاہرین کو ڈنڈے مارے اور تھانوں میں بند کرے؟

اُنہوں نے کہا کہ فرعون پر بھی ظلم نہیں ہونا چاہیے، حکومتیں لوگوں کو حق دینے کے لیے ہیں۔

راجہ ناصر عباس نے بتایا کہ ہم نے 8 فروری کو احتجاج کرنا ہے، ہم نے تو نہیں کہا کہ زبردستی ٹریفک بند کریں گے، دکانیں بند کریں گے تو آپ لوگوں کو کیوں اٹھا رہے ہیں، یہ تو فاشزم میں ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ حکومت سے پہلے بھی ہم نے سوال کیا کوئی جواب نہیں آیا، پارلیمنٹ کو غیر متعلقہ کر دیا ہے، یہ عقلمندانہ کام نہیں، ہمیں کہا گیا کہ ٹرائل کورٹ چلے جائیں۔

راجہ ناصر عباس نے کہا کہ سیاستدانوں کو سیاست سے محروم کرنا اور بیان دینے سے روکنا بھی ظلم  ہے۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر نواز شریف کے ساتھ ایسا ہوتا تو میں ان کے حق میں بھی بولتا، چیئرمین صاحب آپ حکومت کو حکم کریں، ایوان کو غیر متعلقہ نہ کریں۔

قومی خبریں سے مزید