وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ 50 ہزار سے زائد طلبا ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ پاس کرنے کے باوجود میڈیکل کالجز میں داخلے سے محروم رہ جاتے ہیں۔
وہ جمعہ کو کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کی 59ویں جلسہ تقسیم سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے، جس میں مختلف شعبوں کے 947 طبی ماہرین کو اسناد تقویض کی گئیں۔
کینیڈا کے رائل کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز کی صدر ڈاکٹر مارسیا کلارک اور گلاسگو کے رائل کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ہانی ایٹیبا نے اس موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
ایف سی پی ایس کے 796 ڈاکٹرز، ایم سی پی ایس کے 151 ڈاکٹرز اور کلُ 947 ڈاکٹرز کو مختلف اسپیشلٹیز میں اسناد دی گئیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے ڈاکٹرز کی وجہ سے دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے۔ وفاقی وزیرِ صحت نے بتایا کہ 50 ہزار سے زائد طلبہ MDCAT پاس کرنے کے باوجود میڈیکل کالجز میں داخلے سے محروم رہ جاتے ہیں، کیونکہ ملک میں میڈیکل کالجز کی نشستیں ناکافی ہیں، جس کے بعد اہل طلبہ کا بیرونِ ملک رخ کرنے پر مجبور ہونا ایک بحران کی علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس مسئلے کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور سیٹس بڑھانے پر کام جاری ہے۔
وفاقی وزیرِ صحت نے بتایا کہ قطر میں پاکستانی ڈاکٹروں کی درجہ بندی کم ہونے کا معاملہ سفارتی سطح پر اٹھایا گیا، جس کے بعد قطر نے پاکستانی ڈاکٹروں کے لیے امتحان کی شرط ختم کرتے ہوئے سابقہ حیثیت بحال کر دی ہے، اب پاکستانی ڈاکٹرز اپنی ڈگری کی بنیاد پر براہِ راست قطر میں خدمات انجام دے سکیں گے۔
قبل ازیں سی پی ایس پی کے صدر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے جلسہ تقسیم اسناد کا باقاعدہ آغاز کیا اور معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
پروفیسر عنبرین افضل احسان، نائب صدر سی پی ایس پی نے فارغ التحصیل ماہرین سے حلف لیا۔ مجموعی طور پر 796 ڈاکٹروں کو فیلو شپس (ایف سی پی ایس) سے نوازا گیا اور 151 کو ممبرشپ (ایم سی پی ایس) سے نوازا گیا ۔
اپنے خطاب میں پروفیسر گوندل نے سی پی ایس پی کی بانی قیادت بالخصوص جنرل واجد علی برکی کے ساتھ ساتھ پروفیسر سلطان فاروقی اور پروفیسر ظفر اللہ چوہدری کو ایک ایسے ادارے کی بنیاد رکھنے پر خراج تحسین پیش کیا جو پاکستان میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن کا سنگ بنیاد بن چکا ہے۔
انہوں نے 1962 میں اس کے قیام کے بعد سے ادارے کی ترقی پر روشنی ڈالی، اس بات پر زور دیا کہ سی پی ایس پی نے دو فیلوشپ پروگراموں کی پیشکش سے 90 فیلوشپ پروگراموں تک توسیع کی ہے جو کہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔ آج تک، کالج نے 50,000 سے زیادہ ماہر ڈاکٹروں کو تربیت دی ہے، جن میں سے 40,000 سے زیادہ اس وقت پوسٹ گریجویٹ تربیتی پروگراموں میں داخل ہیں۔