چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نےاسلام آباد کے لیے کنٹینرز کی تیاری کی خبروں کی تردید کردی ۔
ایک بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کسی بھی کنٹینر کی تیاری یا اس کا رخ اسلام آباد کرنے کے حوالے سے خبریں درست نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو اختیار دیا ہے وہ جو فیصلہ کریں، ہم سب سے پہلے چاہتے ہیں کہ عمران خان سے ملاقات ہوجائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ اگر کوئی مذاکرات یا مزاحمت کا راستہ اپنانا ہے وہ بھی اپوزیشن قائدین کی صوابدید ہے، ہم 10 مرتبہ سپریم کورٹ اور 16 دفعہ ہائی کورٹ گئے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہماری استدعا یہ تھی کہ سپریم کورٹ میں جو 17 کیسز ہیں انہیں لگایا جائے، ہم پارلیمان، عدالت سمیت ہر فورم پر اپنی آواز اٹھا رہے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ ہمایوں دلاور فیصلے کے بعد ہم نے عدالت سے رجوع کیا تھا کہ یہ غیر قانونی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت اسلام آباد کی طرف چڑھ دوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں اور نہ ایسا کوئی فیصلہ ہوا ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا وہ آئندہ کوئی ایسا حکم نہیں دیں گے کہ اسلام آباد کی طرف چڑھ دوڑیں۔