وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منکی پوکس اور ایچ آئی وی سے متاثرہ شخص جاں بحق ہو گیا۔
منکی پوکس اور ایچ آئی وی سے متاثرہ مذکورہ مریض فیصل آباد کا رہائشی تھا جو اسلام آباد کے پمز اسپتال میں زیرِ علاج تھا۔
پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے حکام کے مطابق 53 سالہ مریض کا انتقال ہفتے کے روز دورانِ علاج ہوا۔
مریض ایم پوکس اور ایچ آئی وی کے ساتھ ساتھ ہیپا ٹائٹس بی اور سی سے بھی متاثر تھا۔
حکام نے بتایا ہے کہ مریض کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں تھی اور یہ مرض اسے مقامی طور پر لگا تھا۔
حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ پاکستان میں ایم پوکس پھیلنے کے واضح شواہد موجود ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستان میں ایم پوکس کے 53 کیسز سامنے آئے تھے جبکہ ایم پوکس سے پاکستان میں پہلی ہلاکت دسمبر 2023ء میں اسلام آباد میں ہوئی تھی اور پاکستان میں اب تک ایم پوکس کے 2 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔