ٹی20 ورلڈ کپ 2026ء میں امریکا کے خلاف میچ کے دوران پاکستان کے اوپنر صاحبزادہ فرحان اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اہم سنگِ میل عبور کر لیے۔
صاحبزادہ فرحان نے میچ سے قبل 40 اننگز میں 969 رنز بنا رکھے تھے، انہوں نے پانچویں اوور کی آخری گیند پر ملند کمار کو چھکا لگا کر ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنے 1000 رنز مکمل کیے۔
اس کے ساتھ ہی وہ مینز ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں 1000 رنز بنانے والے پاکستان کے 10 ویں بیٹر بن گئے، وہ اس فہرست میں بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک اور شاہد آفریدی جیسے نامور کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی نے 2018ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی20 ڈیبیو کیا تھا، وہ امریکا کے خلاف میچ میں اپنا 100 واں ٹی20 انٹرنیشنل کھیل کر یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے 7 ویں کھلاڑی بن گئے۔
اس سے قبل بابر اعظم، محمد حفیظ اور شعیب ملک سمیت چند دیگر کھلاڑی یہ سنگِ میل عبور کر چکے ہیں، پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا اعزاز بابر اعظم کے پاس ہے جنہوں نے 141 میچز میں شرکت کی، جو دوسرے نمبر پر موجود شعیب ملک سے زیادہ ہیں۔
میچ سے قبل ٹیم نے شاہین آفریدی کو مبارکباد دی، ایک تصویر میں فاسٹ بولر نسیم شاہ انہیں یادگاری کیپ پیش کرتے دکھائی دیے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصویر کے کیپشن میں لکھا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی نے 100 ٹی 20 انٹرنیشنل میچ مکمل کرنے پر ساتھی فاسٹ بولر نسیم شاہ سے کیپ وصول کی۔
اپنے ابتدائی 99 مکمل شدہ ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں شاہین آفریدی نے 21.34 کی شاندار اوسط سے 129 وکٹیں حاصل کیں، جس میں دو مرتبہ 4 وکٹیں لینے کی کارکردگی شامل ہے، بیٹنگ میں بھی وہ 307 رنز بنا چکے ہیں۔