• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متعلقہ حکام کے پاس 2 دن ہیں، بہتر ہے کہ وہ بانی کا علاج کرالیں: علیمہ خان

--فائل فوٹو
--فائل فوٹو

بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ متعلقہ حکام کے پاس دو دن ہیں، بہتر ہے کہ وہ بانی کا علاج کرالیں، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبدالغفور انجم کے لیے بہتر ہے کہ فوری علاج کرایا جائے اور صحت پر کام کیا جائے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سلمان صفدر سے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق دریافت کیا، آج دل ہل گیا، ہم نے ڈھائی سال سے جیل میں بیٹھے شخص کے ساتھ اچھا نہیں کیا۔

علیمہ خان کا کہنا ہے کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبدالغفور انجم کو 3 ماہ سے بتایا جارہا تھا کہ آنکھ میں تکلیف ہے، بانی پی ٹی آئی 3 ماہ سے کہتے رہے کہ انہیں نظر نہیں آرہا، اس جیل میں صرف عبدالغفور ہی نہیں بلکہ کیمروں کے ذریعے سب کچھ دیکھا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دو ہفتوں سے دیکھا جارہا تھا کہ بانی کی آنکھ دیکھنا بند ہوگئی ہے، لیکن 3 ماہ سے انہیں یہ نہیں بتایا گیا کہ آنکھ خراب ہوسکتی ہے، اتنی جرات کی گئی کہ بانی کی آنکھ کو خراب ہونے دیا گیا۔

علیمہ خان نے کہا کہ بانی اس لیے جیل میں ہیں کیونکہ عدلیہ آزاد نہیں ہے، اگر اس وقت انصاف مل رہا ہوتا تو وہ جیل میں نہ ہوتے، بانی کا علاج ان کے ذاتی معالج کی موجودگی میں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بانی نے واضح کیا ہے کہ وہ ان کے سامنے نہیں جھکیں گے۔

دوسری جانب سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی نے ایک مجرم عبدالغفور انجم کی نشاندہی کردی ہے، بانی کے خلاف جرم کا ارتکاب کیا گیا اور یہ جرم عبدالغفور انجم نے کیا، بانی نے کہا ہے کہ عبدالغفور انجم کے خلاف مقدمہ چلایا جائے، بانی نے بتایا کہ آنکھ میں تکلیف پر صرف سادہ ڈراپ دیا گیا، بینائی واپس نہیں آئی اور وہ صرف روشنی دیکھ سکتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید