وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت کا انحصار زراعت پر ہے، زرعی شعبے میں ویلیو ایڈیشن کیلئے آسٹریا کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے، معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں بھی دو طرفہ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔
پاکستان آسٹریا بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس اہم بزنس فورم سے خطاب پر خوشی ہے، پاکستان اور آسٹریا کے دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں، دونوں ملکوں کے تعلقات دہائیوں پر محیط تاریخی حقائق پر مبنی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کی ترقی کیلئے متعدد منصوبے شروع کیے گئے ہیں، غیر قانونی تارکین وطن کے مسئلے پر یورپی پارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، ٹیکنالوجی کی ترقی اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے کاوشیں جاری ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ معاشی شعبے میں شراکت داری کو نئی بلندیوں پر لے جانا ہے، اپریل میں پاکستان میں ای یو بزنس فورم کا اسلام آباد میں انعقاد ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریا کے چانسلر کے ساتھ بہت مثبت اور تعمیری گفتگو ہوئی، ہماری حکومت نے آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کیلئے متعدد اقدامات کیے ہیں، صوبائی حکومتوں کے ساتھ ملکر آئی ٹی کی تعلیم اور تربیت کیلئے کوشاں ہیں۔