• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلا دیش: عبوری سربراہ محمد یونس مستعفی ہو گئے

محمد یونس — فائل فوٹو
محمد یونس — فائل فوٹو 

بنگلا دیش کے عبوری سربراہ محمد یونس نے گزشتہ روز قوم سے الوداعی خطاب میں اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا اور اقتدار منتخب حکومت کے حوالے کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 85 سالہ نوبیل امن انعام یافتہ رہنما نے قوم سے خطاب میں کہا کہ آج عبوری حکومت مستعفی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت، آزادیٔ اظہار اور بنیادی حقوق کی جو مشق شروع ہوئی ہے، اسے رُکنا نہیں چاہیے۔

واضح رہے کہ محمد یونس اگست 2024ء میں خود ساختہ جلا وطنی ختم کر کے وطن واپس آئے تھے۔

ان کی یہ واپسی اس وقت ہوئی تھی جب سابقہ وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کی سخت گیر حکومت کو طلبہ کی قیادت میں ہونے والی عوامی تحریک نے اقتدار سے ہٹا دیا تھا، وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھارت فرار ہو گئی تھیں۔

محمد یونس نے اس دن کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ عظیم آزادی کا دن تھا، کیا ہی خوشی کا دن تھا، دنیا بھر میں بنگلا دیشیوں نے خوشی کے آنسو بہائے، ہمارے نوجوانوں نے ملک کو ایک عفریت کی گرفت سے آزاد کرایا۔

انہوں نے اس کے بعد بطور چیف ایڈوائزر بنگلا دیش کی قیادت کی اور اب گزشتہ ہفتے ہونے والے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی پر بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) اور اس کے قائد طارق رحمٰن کو مبارکباد دیتے ہوئے اقتدار منتقل کر دیا۔

محمد یونس نے کہا کہ عوام، ووٹرز، سیاسی جماعتوں اور انتخابی عمل سے وابستہ اداروں نے قابلِ تحسین مثال قائم کی ہے، یہ انتخابات آئندہ کے لیے ایک معیار طے کر گئے ہیں۔

60 سالہ طارق رحمٰن جو بی این پی کے سربراہ اور ملک کے بااثر سیاسی خانوادوں میں سے ایک کے چشم و چراغ ہیں، آج وزیرِ اعظم کا حلف اُٹھائیں گے اور 17 کروڑ آبادی والے جنوبی ایشیائی ملک کی قیادت سنبھالیں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید