وفاقی آئینی عدالت نے سابق سی ای او خیبر پختون خوا اکنامک زون کمپنی جاوید اقبال کی برطرفی کے خلاف کی گئی اپیل مسترد کر دی۔
وفاقی آئینی عدالت نے پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
عدالت میں سابق سی ای او کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ کوئی بادشاہت نہیں، حکومت جب چاہے برطرف کر دے، اس پر جسٹس روزی خان نے کہا کہ جاوید اقبال کی دوبارہ تقرری بھی بادشاہت کے انداز میں ہوئی تھی۔
کے پی اکنامک زون کمپنی کے سابق سی ای او کے وکیل نے کہا کہ میرے مؤکل کی کارکردگی پر انہیں دوبارہ سی ای او کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔
اس پر جسٹس روزی خان نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ دوبارہ تقرری کے لیے مسابقتی کمیشن کا طریقۂ کار اپنایا جانا چاہیے تھا، اگر یہ اتنے اہل ہیں تو حکومت دوبارہ ان کی تقرری کر دے گی۔