شمالی پاکستان میں بڑھتا ہوا درجۂ حرارت گلیشیئر پگھلاؤ کو تیز کر رہا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں میں گلیشیائی جھیل کے پھٹنے سے آنے والا سیلاب کا خطرہ ہو سکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے کہا کہ موسم سرما کے دوران شمالی پاکستان میں بارش، برفباری معمول سے کم رہی ہے جس کی وجہ سے یکم سے 22 فروری کے دوران گلگت بلتستان میں درجۂ حرارت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت معمول سے 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہا جبکہ سب سے زیادہ گرمی گلگت اور بنجی میں دیکھی گئی جبکہ چلاس اور بنجی میں راتیں بھی گرم رہیں۔
دوسری جانب درمیانی اور کم بلندی والے علاقوں میں رات کے وقت ٹھنڈ میں کمی آئی ہے، جس کے باعث پگھلنے والا پانی زیادہ مقدار میں گلیشیائی جھیلوں میں جمع ہو رہا ہے جس کے سبب زیریں وادیوں میں گلیشیائی جھیل کے اچانک پھٹنے کے واقعات کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔
رواں سال فروری سے اپریل تک گلگت بلتستان، کشمیر میں معمول سے زیادہ درجۂ حرارت رہنے کا امکان ہے۔