اسلام آباد (نمائندہ جنگ) محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے کے دوران ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر کی پیشگوئی کر دی ہے .
درجہ حرارت 7سے 9ڈگری سنٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے ، محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری الرٹ کے مطابق ہوا کے زیادہ دباؤ کے باعث اگلے ہفتے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں تیزی سے اضافے کی توقع ہے.
راولپنڈی اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کا درجہ حرارت 7سے 9ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے.
اس کے علاوہ بالائی اور وسطی سندھ، وسطی و جنوبی پنجاب، بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت 6سے 8ڈگری معمول سے زیادہ ہونے کی توقع ہے.
شدید گرم اور خشک موسم کے باعث آبی ذخائر، فصلوں، سبزیوں اور باغات کو پانی کی کمی کا خطرہ ہے.
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ زیادہ درجہ حرارت کے باعث انرجی کی کھپت بڑھ جائے گی.
اگلے ہفتے کے دوران زیادہ درجہ حرارت کے باعث دریاؤں میں پانی کا بہاؤ بڑھنے کا خدشہ ہے،کسان موسمی حالات کے مطابق فصلوں کو پانی دینے کا مناسب اقدامات کریں۔