پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار گوہر رشید اور اداکارہ کبریٰ خان نے گزشتہ برس فروری 2025ء میں مکہ مکرمہ میں نکاح کیا تھا، جس میں قریبی عزیز و اقارب اور دوستوں نے شرکت کی۔
ان کا نکاح سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوا تھا اور اسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا گیا۔
حال ہی میں دونوں فنکار نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے شادی کے بعد کی زندگی اور مکہ مکرمہ میں نکاح سے متعلق گفتگو کی۔
خواتین میں شادی کے بعد تبدیلی کے سوال پر گوہر رشید نے کہا کہ اگرچہ ہم پہلے قریبی دوست تھے اور ایک دوسرے کو اچھی طرح جانتے تھے، تاہم شادی کے بعد انسان میں تبدیلی آتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ شخصیت کے مختلف پہلو سامنے آتے ہیں اور بعض اوقات یوں محسوس ہوتا ہے جیسے نئی زندگی کا آغاز کسی نئے انسان کے ساتھ ہو رہا ہو۔
انہوں نے کہا کہ روزانہ ایک دوسرے کے بارے میں نئی باتیں دریافت کرنا نکاح کی خوبصورتی ہے۔
کبریٰ خان نے بھی گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ابتدا میں اس معاملے پر ہمارے درمیان معمولی اختلافات ہوئے، لیکن گوہر نے ایک بار کہا کہ وہ روایتی بیوی بن گئی ہیں، جس پر میں نے جواب دیا کہ کیونکہ میں آپ کی بیوی ہوں۔
اپنے نکاح کے حوالے سے کبریٰ خان نے بتایا کہ شادی سے قبل ہی دونوں کے درمیان اس بارے میں گفتگو ہو چکی تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ میں نے ابتدا میں ہی خواہش ظاہر کی تھی کہ نکاح مکہ مکرمہ میں ہو، جس پر گوہر رشید نے بھی اتفاق کیا، بعد ازاں ہمارا نکاح وہیں انجام پایا، جس میں قریبی دوستوں کی شرکت نے اس موقع کو مزید یادگار بنا دیا۔