وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ عدالتوں سے حکم آیا تو بانی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کردیں گے، خاندان یا پارٹی کا اطمینان علیحدہ چیزیں ہیں، قانون اس کو نہیں جانتا۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ پانچ ڈاکٹروں کے پینل نے دو بار بانی کا معائنہ کیا، ریکارڈ موجود ہے، یہ لوگ مطمئن نہیں ہیں تو انہیں سپریم کورٹ سے رجوع کرنا چاہیے، یہ کوشش میں ہیں کہ کوئی ایشو بنایا جائے اور اس کو استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات بند کیں تو افواہ پھیلائی گئی کہ بانی کو کوئی مسئلہ ہوا ہے، ہم نے بانی پی ٹی آئی سے ان کی بہن کی ملاقات کروائی۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ نواز شریف کو دل کا عارضہ لاحق تھا، ڈاکٹرز نے معائنہ کیا، عدالت نے اجازت دی، ہم نے شرائط پوری کیں اور نواز شریف بیرون ملک گئے۔
پروگرام میں شریک پی ٹی آئی رہنما شاہد خٹک نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا معائنہ ان کے ذاتی معالج کی موجودگی میں کیا جائے، معائنے کے دوران کم از کم بانی کی کسی ایک بہن کو موجود ہوناچاہیے، یہ بانی کی صحت کا مسئلہ ہے، کچھ ہوا تو ذمے دار کون ہوگا۔
شاہد خٹک نے کہا کہ ڈاکٹر کو کیوں جانے نہیں دے رہے، علاج کروایا ہے تو پردہ داری کس چیز کی ہے، ہم سیاسی تحریک چلائیں گے، اس میں نوجوانوں کو ساتھ ملائیں گے۔
رانا ثناء نے کہا کہ ڈاکٹر بانی سے ملاقات کرکے کوئی الٹی سیدھی گفتگو کریں تو کون ذمے دار ہوگا؟، جس کے جواب میں شاہد خٹک نے کہا کہ ڈاکٹر کی ملاقات کروا دیں، وہ کوئی غلط گفتگو نہیں کرے گا۔