• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوامِ متحدہ پر اعتماد ختم ہو چکا: عباس عراقچی

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی — فائل فوٹو
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی — فائل فوٹو

ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ پر عالمی برادری کا اعتماد ختم ہو چکا۔

انہوں نے یہ بات اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل نیویارک پہنچنے کے موقع پر کہی۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق عباس عراقچی نے کہا کہ یہ دورہ درحقیقت ایسے حالات میں ہو رہا ہے جو عملی طور پر اب بھی جنگ کی کیفیت میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فطری طور پر ہمارا بنیادی مقصد ایک بڑے عالمی پلیٹ فارم کو ایرانی عوام کے جائز مؤقف، حقوق اور مفادات کے دفاع کے لیے استعمال کرنا ہے۔

ایرانی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ عالمی امن و سلامتی کے قیام میں ناکامی کے باعث اقوامِ متحدہ اپنی ساکھ اور اعتماد کھو چکی ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کا آج ہونے والا اجلاس ’اعتماد کی بحالی‘ کے عنوان کے تحت شروع ہونے جا رہا ہے۔

عباس عراقچی نے کہا کہ یہ اس بات کا عالمی سطح پر اعتراف ہے کہ بین الاقوامی امن و سلامتی کے مؤثر قیام میں ناکامی کے باعث اس ادارے پر اعتماد کم ہو چکا ہے یا مکمل طور پر ختم ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ ممالک نے خود کو یہ حق دے رکھا ہے کہ وہ بلاخوفِ کارروائیاں کریں، بین الاقوامی اداروں، عالمی قوانین اور حتیٰ کہ انسانیت کے اجتماعی ضمیر کو بھی نظر انداز کریں، وہ اپنے اور اپنے اتحادیوں کے لیے استثنیٰ کا دعویٰ کرتے ہیں۔

ایرانی وزیرِ خارجہ نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ نتیجتاً ہم دیکھ رہے ہیں کہ صہیونی حکومت جیسے ایک مجرمانہ وجود کو اپنی مرضی کے مطابق کوئی بھی کارروائی کرنے کی کھلی چھوٹ حاصل ہے، جبکہ مغربی اور یورپی ممالک، جو خود کو انسانی حقوق اور انسانی قوانین کے علم بردار قرار دیتے ہیں، خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید