حیدرآباد(بیورورپورٹ) جسقم سمیت مختلف تنظیموں کی جانب سے جسقم چیئرمین بشیر خان قریشی کی 57ویں سالگرہ منائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جسقم کے سابق چیئرمین مرحوم بشیر خان قریشی کی 57 ویں سالگرہ پر سندھ کے دیگر شہروں کی طرح حیدرآباد میں بھیجسقم میڈیا سینٹر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر جسقم ضلع حیدرآباد کے صدر رحمان پیرزادہ، غفار چانڈیو، عرفان جویو، امتیاز شر، محمد علی جتوئی، نور حسن بچو اور دیگر رہنماؤں نے 10 پاؤنڈ کا کیک کاٹا۔ تقریب میں جسقم کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی دوسری جانب وائس آف سندھ کی جانب سے بھی پریس کلب حیدرآباد میں بشیر خان قریشی کی سالگرہ منائی گئی اور اس سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں جسم چیئرمین ریاض چانڈیو، جامی چانڈیو، جسقم ( آریسر) گروپ کے چیئرمین میر عالم مری، ابرار قاضی، مشتاق مری، پنہل ساریو، جعفر میمن اور دیگر سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی جنہوں نے بشیر قریشی کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ صوبہ سندھ وڈیروں کی جاگیر بنا ہوا ہے اور اس بیماری سے نجات کے لئے عوام میں آگہی پیدا کرنا اشد ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں نے غریب عوام کے منہ سے نوالہ تک چھین لیا ہے جو باعث افسوس ہے۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ بشیر قریشی نے ہمیشہ سندھی عوام کے حقوق کے لئے جنگ لڑی اور اپنے اصولوں پر کبھی سودے بازی نہیں کی جس پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بشیر قریشی کی سیاست کا محور سندھی عوام اور ان کے مسائل تھے ۔