• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

7 سال قبل مؤثر جواب سے دشمن کے برتری کے زعم کو توڑ دیا: سربراہ پاک فضائیہ

سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ 7 سال قبل پاک فضائیہ نے مؤثر جواب سے دشمن کے برتری کے زعم کو توڑ کر قابلِ اعتماد دفاعی توازن بحال کیا۔

آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 7 برس مکمل ہونے پر ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات  (آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاکستان باوقار امن کا خواہاں ایک ذمہ دار ملک ہے، 7 سال قبل دشمن نے تاریکی میں پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کر کے غلط اندازہ لگایا۔

ان کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کے دن کی روشنی میں دیے گئے مؤثر جواب نے برتری کے زعم کو توڑ کر قابلِ اعتماد دفاعی توازن بحال کیا، 2021ء سے مالی دباؤ کے باوجود پاک فضائیہ کی جامع جدید کاری اور انڈیجینائزیشن کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ میں جدید جنگی اور معاون صلاحیتیں شامل کی گئی ہیں، جبکہ بغیر پائلٹ سسٹمز، الیکٹرانک وارفیئر، اسپیس اور سائبر اثاثے بھی شامل کیے گئے ہیں، مقامی سطح پر تیار کردہ ملٹی ڈومین کِل چین قائم کی گئی ہے۔

ایئر چیف نے اپنے خطاب میں مئی 2025ء کے معرکۂ حق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے اس دوران مکمل ملٹی ڈومین آپریشنز پہلی بار کامیابی سے انجام دیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے عددی برتری رکھنے والے دشمن کے خلاف دفاعی قوت کا عملی مظاہرہ کیا، پاک فضائیہ کو نیکسٹ جنریشن ایئر فورس میں تبدیل کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے اور جدید جنگی تقاضوں کے مطابق آپریشنل ڈاکٹرائن ازسرنو ترتیب دی گئی ہے۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا ہے کہ مقامی طور پر تیار بغیر پائلٹ فضائی نظام اور الیکٹرانک وارفیئر صلاحیتیں فعال ہیں، جبکہ خلائی اور سائبر وسائل کے مؤثر استعمال سے کثیرالجہتی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید