ملتان(سٹاف رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیوکے ممبر ٹیکس پالیسی رحمت اللہ وزیر نیب ملتان میں حاضری کے بعد اسلام آبد روانہ ہو گئے ہیں۔گزشتہ روز ممبر ٹیکس پالیسی رحمت اللہ وزیر پاک عرب فرٹیلائزر کومبینہ طور پر ایک ارب20کروڑ روپے کا فائدہ پہنچائے جانےاور سرکاری خزانے کو بھاری نقصان کے کیس پر نیب ملتان کے دفترحاضر ہوئے اور نیب حکام کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دیا۔بعد ازاں ممبر ایف بی آر نے ریجنل ٹیکس آفس(آر ٹی او) ملتان کا بھی دورہ کیا ۔چیف کمشنر آرٹی او ملتان سلیم رضا آصف نے ان کو آر ٹی او کی کارکردگی بارے بریفنگ دی اور ٹیکس وصولیوں بارے بھی بتایا۔ ممبر ٹیکس پالیسی رحمت اللہ وزیر کا کہنا تھا کہ ملتان میں فیصل آباد کے مقابلہ میں معاشی سرگرمیاں کم ہیں لیکن اس کے باوجود ملتان کی ٹیکس وصولیوں کا حجم فیصل آباد سے زیادہ ہے۔