• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امن کا پیغام پر ٹرولنگ کا سامنا، نورا فتحیٰ کا ناقدین کو کرارا جواب

نورا فتحیٰ — فائل فوٹو
نورا فتحیٰ — فائل فوٹو

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ و رقاصہ نورا فتحیٰ نے امن کے پیغام پر تنقید کا نشانہ بنانے والے ناقدین کو کرارا جواب دے دیا۔

34 سالہ کینیڈین نژاد اداکارہ نے حال ہی میں فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایران پر ہونے والے امریکی و اسرائیلی مشترکہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے دنیا بھر میں امن کے فروغ کا پیغام دیا تھا، تاہم مسلمانوں کی حمایت پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

اب انہوں نے انسٹاگرام پر ایک اور ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں انہوں نے ان افراد کو مخاطب کیا جو ان کے مؤقف کو سمجھنے میں ناکام رہے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں نورا فتحی کا کہنا تھا کہ لوگوں نے سمجھ بوجھ اور سننے کی صلاحیت کھو دی ہے، تنقیدی سوچ وہ چیز ہے جو ہم سب نے اسکول میں سیکھی ہوتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ میرا امن اور اتحاد کا پیغام دنیا کے ہر فرد کے لیے ہے، چاہے وہ کسی بھی ملک یا مذہب سے تعلق رکھتا ہو۔

انہوں نے کہا کہ اگر امن کی اپیل آپ کو مشتعل کرتی ہے تو آپ کو اپنے احتساب کی ضرورت ہے۔ ہر ملک اور ہر انسان اس دنیا کا حصہ ہے۔ افراتفری کے خلاف بات کرنا آپ کو دشمن نہیں بناتا۔

اداکارہ نے روزے کے دوران اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک ایسی دنیا میں رہ رہے ہیں جہاں امن کی بات کرنے پر لوگ ناراض ہو جاتے ہیں۔ یہ خوفناک بات ہے۔

ویڈیو کے کیپشن میں نورا نے لکھا میں اپنے مؤقف پر قائم ہوں، اگر عالمی امن اور اتحاد آپ کو اشتعال دلاتا ہے تو براہِ کرم مدد حاصل کریں۔

واضح رہے کہ اداکارہ و رقاصہ نے اپنے سابقہ بیان میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسلسل افسوسناک خبریں اور مناظر انہیں جذباتی طور پر متاثر کر رہے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید