• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: امتحانی مرکز جاتے بہن بھائی کو چچا نے گھات لگا کر قتل کر ڈالا

—فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
—فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں امتحان دینے کے لیے گھر سے نکلنے والے بہن اور بھائی کو مبینہ طور پر ان کے سگے چچا نے تشدد کر کے قتل کر ڈالا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 20 سالہ شیتل اور 18 سالہ کلدیپ بورڈ کے امتحان دینے کے لیے آج صبح اپنے گھر سے امتحانی مرکز کے لیے نکلے تھے۔

طالبِ علموں کے اہلِ خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ملزم چچا ہری سنگھ مالویہ پہلے سے ہی راستے میں گھات لگا کر بیٹھا تھا، دونوں بہن بھائی کو آتا دیکھ کر اس نے لاٹھی سے ان پر حملہ کر دیا اور مسلسل وار کیے، شدید زخمی ہونے کے باعث دونوں بہن بھائی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقتولین کے والد جگدیش مالویہ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ یہ قتل پرانے خاندانی تنازع کا نتیجہ ہے، ملزم کو معلوم تھا کہ دونوں بچے امتحان دینے جا رہے ہیں اور اس نے منصوبہ بندی کے تحت ان پر حملہ کر کے ان کا قتل کیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملزم ہری سنگھ مالویہ واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا جس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید