• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میری موت کے ذمے دار میرے والدین ہوں گے: بھارتی یوٹیوبر کی ویڈیو جاری

—کولاج بشکریہ بھارتی میڈیا
—کولاج بشکریہ بھارتی میڈیا

مشہور بھارتی یوٹیوبر انوراگ دوبھال نے سوشل میڈیا پر ایک تشویش ناک ویڈیو جاری کی ہے جس میں اُنہوں نے اپنے والدین پر ہراسانی اور ذہنی دباؤ ڈالنے کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

ریئلٹی شو بگ باس 17 کے کنٹسٹنٹ انوراگ دوبھال نے 2 گھنٹوں پر مبنی طویل ویڈیو یوٹیوب پر شیئر کی ہے جس میں اُنہوں نے روتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ چند ماہ سے میری زندگی مکمل طور پر بدل گئی ہے اور میں شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوں۔

ویڈیو میں یوٹیوبر نے دعویٰ کیا ہے کہ میرے والدین میری شادی کو قبول نہیں کر رہے۔

انوراگ دوبھال نے بتایا ہے کہ میں نے اپنی گرل فرینڈ ریتیکا سے تقریباً دو سال کے تعلق کے بعد گزشتہ سال مئی میں شادی کی تھی تاہم میرا خاندان اس رشتے کے خلاف تھا۔

یوٹیوبر کا کہنا ہے کہ شادی سے چند دن پہلے میرے والدین نے مجھے کہا کہ میں اپنی شادی کے تمام انتظامات خود کروں، مجھے رشتے داروں کے سامنے معافی مانگنے اور والدین کے قدموں میں جھکنے پر مجبور بھی کیا گیا۔

انوراگ نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ میں شدید ڈپریشن کا شکار ہوں اور گزشتہ 5 دن سے میں نے کچھ کھایا نہیں ہے، میں اس ویڈیو کے بعد غائب بھی ہو سکتا ہوں، اس لیے میں اپنی ممکنہ موت کا ذمے دار اپنے والدین اور کچھ قریبی رشتے داروں کو ٹھہرا رہا ہوں۔

انوراگ دوبھال نے اپنے یوٹیوب وی لاگ میں یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اب میری اہلیہ ریتیکا مجھ سے الگ ہو چکی ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ فی الحال اس معاملے پر یوٹیوبر کے خاندان یا دیگر متعلقہ افراد کی جانب سے کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید