• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: سابقہ اہلیہ کو تحفہ دینے کیلئے نوجوان نے رقم لوٹ کر دوست کو قتل کرڈالا

کولاج بشکریہ بھارتی میڈیا
کولاج بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی ریاست کرناٹکا میں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنے قریبی دوست سے ڈھائی لاکھ روپے لوٹ کر اس کا قتل کر ڈالا، ملزم نے بعد ازاں اسی رقم سے سابقہ بیوی کے لیے تحفہ بھی خریدا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم کو اپنے دوست کے قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے، مقتول پیشے کے اعتبار سے ویلڈر تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 19 فروری کو ملزم نے اپنے دوست کو ایک فنانس کمپنی کی جانب سے ہونے والی سونے کی نیلامی میں شرکت کا بہانہ بنا کر گھر سے بلایا، مقتول تقریباً 2.5 لاکھ روپے نقد لے کر صبح 11 بجے گھر سے نکلا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اسے موٹر سائیکل پر جنگل کے قریب لے گیا جہاں اس نے مبینہ طور پر تیز دھار ہتھیار سے پہلے دوست کو قتل کیا اور بعد ازاں رقم لے کر فرار ہو گیا۔

اگلی صبح ایک دودھ فروش نے جنگل کے راستے سے گزرتے ہوئے لاش دیکھی اور پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی گئی۔

پولیس نے مقتول کی شناخت اور اس کی آخری سرگرمیوں کا سراغ لگا کر ملزم تک رسائی حاصل کی۔

تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ قتل کے بعد ملزم اپنی سابقہ اہلیہ سے ملا، اِسے 60 ہزار روپے نقد دیے اور لوٹی گئی رقم سے اس کے لیے نیا ٹی وی بھی خریدا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم اور مقتول گزشتہ 7 سال سے ایک دوسرے کے دوست تھے، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید