• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زارا اور اسد کے انٹرویو نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار زارا نور عباس اور اسد صدیقی کی حالیہ ٹی وی گفتگو نے سوشل میڈیا پر ان کے ازدواجی تعلق کے بارے میں سوالات کھڑے کر دیے۔

یہ جوڑی 2017ء میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی تھی اور دونوں شادی سے قبل ہی ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی پہچان بنا چکے تھے۔

ان دنوں زارا نور عباس اپنے نئے ڈرامے میں اداکاری پر تعریفیں سمیٹ رہی ہیں، جبکہ اسد صدیقی اب پروڈکشن کے میدان میں بھی قدم رکھ چکے ہیں۔

مارچ 2024ء میں اس جوڑے کے ہاں بیٹی نورِ جہاں کی پیدائش ہوئی تھی، جو رواں مارچ میں اپنی دوسری سالگرہ منائے گی۔

حال ہی میں دونوں نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے اپنی شادی اور ذاتی زندگی کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔

ایک سوال کے جواب میں کہ دونوں میں زیادہ سرپرائز کون دیتا ہے؟ زارا نور عباس نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ سرپرائز؟ اچھے والے یا برے والے؟ اب ہم سرپرائز نہیں دیتے، ہم بات کر لیتے ہیں کہ کیا چاہیے اور پھر باہمی طور پر ہو جاتا ہے۔

اس دوران اسد صدیقی نے یاد دلایا کہ انہوں نے حال ہی میں زارا کو ایک گاڑی تحفے میں دی تھی، جس پر زارا نے کہا کہ ایسا صرف ایک بار ہوا ہے۔

زارا نے یہ شکایت بھی کی کہ اسد اپنا زیادہ وقت دوستوں کے ساتھ پیڈل (Padel) کھیلنے میں گزارتے ہیں اور اکثر گھر سے باہر رہتے ہیں، اسد دوستوں اور کزنز کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا پسند کرتے ہیں۔

دوسری جانب اسد صدیقی نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میں کوشش کرتا ہوں کہ اپنی بیٹی اور زارا کے لیے وقت نکال سکوں، تاہم زارا نے اس بات سے اتفاق نہیں کیا۔

اس انٹرویو کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں میں بحث شروع ہو گئی، کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ دونوں اداکار ایک ساتھ خوش نظر نہیں آتے، جبکہ چند صارفین کے مطابق یہ ایک حقیقی شادی کی عکاسی ہے جہاں رشتے صرف رومانوی خیالات نہیں بلکہ روزمرہ مسائل پر بھی مبنی ہوتے ہیں۔

کچھ صارفین نے تبصرہ کیا کہ زارا نور عباس خوش دکھائی نہیں دیتیں، جبکہ بعض نے میزبان جویریہ سعود کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ انہوں نے پروگرام میں متنازع سوالات اٹھائے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید