پنجاب کے سرکاری دفاتر میں ورک فرام ہوم کا فیصلہ کرلیا گیا، صرف ضروری عملہ ہی دفتر آئے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خطے میں جنگ کے باعث معاشی مشکلات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کے فیصلے کے مطابق پیٹرولیم بحران کے خاتمے تک صوبائی وزرا کے لیے سرکاری فیول بند کر دیا گیا ہے۔
سرکاری افسران کی گاڑیوں کے لیے پیٹرول اور ڈیزل الاؤنس میں فوری 50 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔ صوبائی وزرا اور اعلیٰ سرکاری افسران کے ہمراہ پروٹوکول گاڑیوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کے فیصلے کے مطابق ناگزیر سیکیورٹی کے لیےصوبائی وزرا اور اعلیٰ سرکاری افسر کے ہمراہ صرف ایک گاڑی ہوگی۔
سرکاری دفاتر میں ورک فرام ہوم کا بھی فیصلہ کیا گیا اور صرف ضروری عملہ ہی دفتر آئے گا۔
دریں اثنا اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں، 10 مارچ سے 31 مارچ تک بند رہیں گی۔ امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے، اسکول اور تعلیمی ادارے آن لائن کلاسز لے سکیں گے۔
حکومت مت پنجاب کے لاہور سے جاری اعلامیہ کے مطابق سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے آن لائن اجلاس اور ٹیلی کانفرنسز منعقد ہوں گی، سرکاری آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی لگا دی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق ہارس اینڈکیٹل شوکاثقافتی تہوار بھی ملتوی کر دیا گیا، پیٹرولیم مصنوعات کی مانیٹرنگ کے لیے ہرضلع میں ڈسٹرکٹ پیٹرولیم مانیٹرنگ کمیٹیاں قائم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق پی آئی ٹی بی کو پیٹرولیم مصنوعات کے لیے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم تیار کرنے کا حکم دیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر اداروں کے نمائندے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم تیار کرنے والی ٹیم میں شامل ہوں گے۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعلی مریم نواز نے ہدایت کی کہ ورک فرام ہوم کے تحت صرف اضافی سپورٹ اسٹاف کی آمد ورفت بند کی جا رہی ہے، دفاتر میں کام بند نہیں ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نجی شعبے کو ورک فرام ہوم اور غیر ضروری تقریبات نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ نجی شعبہ کو صرف ضروری اسٹاف بلانے کی ایڈوائزری جاری کی جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا تمام اضلاع میں ٹرانسپورٹ کرایوں کی سخت نگرانی کی جائے، زائد اور ناجائز کرائے وصول کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، پنجاب میں اشیائے خورونوش کی طلب و رسد کی سخت نگرانی کی جائے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپیل کی کہ بحرانی صورتحال کے پیش نظر عوام آؤٹ ڈورفنکشن نہ کریں، ہنگامی حالات کے پیش نظر عوام لیٹ نائٹ شاپنگ سے گریز کریں۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ ضروری اشیا کی غیرضروری خریداری یا ذخیرہ نہ کریں۔
انھوں نے کہا ہم وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو مشکل ترین بحران میں جراتمندانہ فیصلوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، مشکل حالات میں قوم کی مجبوری کا فائدہ اٹھانے والوں سے آہنی ہاتھوں سےنمٹیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا بہادر قومیں مشکل حالات کا اتحاد، صبر اور دانش مندی سے مقابلہ کرتی ہیں۔