پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و میزبان فضا علی اور اداکارہ مشی خان کے درمیان سوشل میڈیا پر لفظی جنگ چھڑ گئی ہے، جس نے مداحوں کی توجہ حاصل کر لی۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب مشی خان نے فضا علی کے ڈاکٹر نبیہا علی خان کے وائرل انٹرویو پر تنقیدی تبصرہ کیا، اس کے بعد دونوں اداکاراؤں کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ شروع ہو گیا اور معاملہ ذاتی نوعیت اختیار کر گیا۔
فضا علی نے انسٹاگرام پر ردعمل دیتے ہوئے مشی خان کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں جنرل رانی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ آپ کے بہت سے با اثر لوگوں سے تعلقات ہیں، اس لیے آپ جو چاہیں کہہ سکتی ہیں، جبکہ میں صرف ایک میزبان اور اداکارہ ہوں اور اتنے زیادہ رابطے نہیں رکھتی۔
فضا علی نے مزید کہا کہ جس انداز میں آپ نے مجھے نشانہ بنایا، اسی وجہ سے اللّٰہ نے اپنا انصاف دکھایا اور ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت کے موقع پر آپ کی رقص کی پرانی ویڈیو دوبارہ وائرل ہو گئی۔
دوسری جانب مشی خان نے بھی فوری طور پر انسٹاگرام پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ شاید فضا علی کو ان کے گھوڑے جیسے دانتوں والے تبصرے پر برا لگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے مجھے پہلے کبھی آپا نہیں کہا۔
اپنی وائرل ڈانس ویڈیو کے حوالے سے مشی خان کا کہنا ہے کہ اس وقت مجھے لگا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان کے لیے اچھے ثابت ہوں گے، تاہم ایسا نہیں ہوا اور اس میں کوئی غلط بات نہیں ہے۔
اداکاراؤں کے اس تنازع پر سوشل میڈیا صارفین بھی بھرپور تبصرے کر رہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ دنیا میں جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں اور یہاں اپنی ہی جنگ جاری ہے۔
دونوں اداکاراؤں کے درمیان جاری یہ لفظی جنگ سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے اور صارفین کی بڑی تعداد اس پر مختلف آراء کا اظہار کر رہی ہے۔