پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ فرحانہ مقصود نے اداکار و پروڈیوسر ہمایوں سعید کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کے بارے میں بات کی ہے۔
فرحانہ مقصود نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے فلم ’میں ہوں شاہد آفریدی‘ کی شوٹنگ اور پروموشن کے دوران ہمایوں سعید اور ان کی پروڈکشن ٹیم کے طرزِ عمل کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے انکشاف کیا کہ میرے ساتھ زیادتی ہوئی تھی، اگر آپ فلم کی کاسٹ دیکھیں گے تو میرا نام کاسٹ میں شامل نہیں ہے اور نہ ہی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد مجھے فلم کے کسی پروموشنل ایونٹ یا پریمیئر میں مدعو کیا گیا۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ مسئلہ کیا تھا، لیکن میرے ساتھ زیادتی کی گئی۔
اُنہوں نے بتایا کہ مجھے یہ بھی نہیں پتہ تھا کہ یہ ایک فلم ہے، کیونکہ مجھے یہ بتایا گیا تھا کہ یہ ایک ٹیلی فلم ہے پھر جب میں شوٹنگ کے لیے سیٹ پر پہنچی تو پتہ چلا کہ یہ تو فیچر فلم ہے، لیکن ہم فنکاروں کا ساتھ دیتے ہیں، تو میں نے کام کرنے سے انکار نہیں کیا۔
فرحانہ مقصود نے مزید بتایا کہ مجھے معاوضہ فلم کے حساب سے نہیں بلکہ ایک ٹیلی فلم کے حساب سے دیا گیا۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ میرے لیے یہ بہت شرمندگی کی بات تھی کہ فلم میں اتنا اہم کردار میں نے ادا کیا اور کاسٹ میں میرا نام ہی شامل نہیں اور نہ ہی مجھے فلم کے پروموشن میں بلایا گیا۔