• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جلالپور پیر والا کو سیلاب سے محفوظ رکھنے کیلئے فلڈ بند کی تعمیر ناگزیر ہے،کمشنرملتان

ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت جلال پور پیر والا میں فلڈ بند منصوبے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں دریائے ستلج کے ممکنہ سیلابی دباؤ سے نمٹنے اور علاقے کو مستقل تحفظ فراہم کرنے کیلئے حکمت عملی کو حتمی شکل دی گئی،اجلاس میں فلڈ پروٹیکشن منصوبے پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ جلال پور پیر والا کے دریائی علاقوں کو سیلابی خطرات سے محفوظ بنانے کیلئے حفاظتی فلڈ بند کی تعمیر ناگزیر ہے،انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے پر کام میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ محکمے اس کی بروقت تکمیل کیلئے بھرپور اقدامات یقینی بنائیں، کمشنر نے کہا کہ فلڈ پروٹیکشن منصوبے کیلئے انتظامی اور تکنیکی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں جب کہ تعمیراتی مرحلہ جلد شروع کیا جائے گا،انہوں نے فلڈ بند منصوبے کا آغاز 15 اپریل سے کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے سینکڑوں ایکڑ زرعی زمین اور قریبی آبادی کو سیلابی خطرات سے محفوظ بنایا جا سکے گا، اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
ملتان سے مزید