کرائم، انڈر ورلڈ اور ہارر فلموں کے لیے مشہور ہدایتکار، پروڈیوسر اور اسکراین رائٹر رام گوپال ورما نے انکشاف کیا کہ فلم بھوت کے لیے ارمیلا متوندکر کو کاسٹ کرنے کی وجہ یہ یقین تھا کہ وہ یہ کام کرلیں گی۔
64 سالہ ہندی اور تیلگو فلم ساز رام گوپال ورما نے کہا کہ انہوں نے 2003 کی فلم بھوت میں ارمیلا کو اس لیے کیا کیونکہ میں نے انہیں اپنی فلم رنگیلا (1995) کے ایک گانے میں اداکاری کرتے دیکھا تھا۔
واضح رہے کہ بھوت باکس آفس پر کامیاب رہی اور اسے ہندی سنیما کی بہترین ہارر فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔
اس فلم میں ارمیلا نے ایک ایسی بیوی کا کردار ادا کیا جو کسی آسیب کے زیر اثر آ جاتی ہے۔ اس میں اداکاری پر ارمیلا کو کئی ایوارڈز بھی ملے تھے۔ فلم کی کہانی ایک شادی شدہ جوڑے کے گرد گھومتی ہے جس میں شوہر کا کردار اجے دیوگن نے ادا کیا۔ دونوں ایک ایسے فلیٹ میں منتقل ہوتے ہیں جہاں ایک روح کا سایہ ہوتا ہے اور عجیب و غریب واقعات بیوی کو تقریباً پاگل پن کی حالت تک پہنچا دیتے ہیں۔
رام گوپال ورما نے ریڈ لوری فلم فیسٹول میں فلم کی اسکریننگ کے موقع پر یہ گفتگو کی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ دوبارہ ارمیلا کے ساتھ کام کریں گے تو انہوں نے نفی میں جواب دیا اور کہا فی الحال میرے پاس ایسا کوئی منصوبہ نہیں۔ میں ان کے ساتھ تقریباً ہر قسم کی فلم کر چکا ہوں جن میں ستیا، بھوت، رنگیلا اور ایک حسینہ تھی، شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہارر فلموں میں کاسٹنگ سب سے اہم ہوتی ہے کیونکہ فلم کا زیادہ تر اثر اداکاروں کے تاثرات پر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ہارر فلم میں تقریباً 80 فیصد اہمیت اداکاروں کے تاثرات کی ہوتی ہے جبکہ آواز، موسیقی اور دیگر چیزیں تقریباً 20 فیصد کردار ادا کرتے ہیں۔ ان سب کا مقصد بھی اصل میں اداکار کے تاثرات کو مزید موثر بنانا ہوتا ہے۔
رام گوپال ورما نے کہا کہ وہ ہالی ووڈ کی مشہور ہارر فلم دی ایگزارزسٹ کے بہت بڑے مداح ہیں۔ یہ میں نے نوجوانی میں دیکھی تھی اور ایک مہینے تک ٹھیک سے سو نہیں سکا۔ میں اپنے گھر والوں سمیت ہر کسی سے ڈرنے لگا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے آپ کو لوگوں کو ڈرانے کے عمل سے محبت ہونی چاہیے۔ کالج کے زمانے میں ایک خوفناک ماسک پہن کر رات کے وقت لوگوں کو ڈرایا کرتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں بھوت کی کہانی کسی خوفناک حویلی میں ترتیب دینے کا خیال تھا، لیکن بعد میں ایک اسسٹنٹ کے کہنے پر اسے ممبئی کے ایک اپارٹمنٹ میں منتقل کر دیا گیا۔
رام گوپال نے کہا کہ وہ خوش ہیں کہ منوج باجپائی کے ساتھ اپنی آنے والی ہارر کامیڈی فلم پولیس اسٹیشن میں بھوت میں دوبارہ کام کر رہے ہیں۔ اس پہلے کون، ستیا اور شول جیسی فلموں میں اکٹھے ہم کام کر چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ فلم ممکنہ طور پر مئی میں ریلیز ہوگی۔