سفیرِ پاکستان ناروے سعدیہ الطاف قاضی نے کہا ہے کہ اس سال مشرقِ وسطیٰ میں جو جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں، اس کا زیادہ سے زیادہ رقبہ مسلم ممالک میں آتا ہے اس وجہ سے یہ خصوصی دل سے دعا نکلتی ہے کہ جنگ بندی ہو جائے اور عید کا دن امن کے دن کے ساتھ مسلمانوں کے لیے طلوع ہو۔
ناروے میں عید الفطر بروز جمعہ 20 مارچ 2026ء کو ہوگی، عید الفطر کے موقع پر سفیرِ پاکستان سعدیہ الطاف قاضی نے نمائندہ ’جنگ نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے عید پُرمسرت موقع ہے، مسلمان رمضان کے مہینے میں عبادات کے بعد اللّٰہ تعالیٰ کی طرف سے عید کے دن میں جو اللّٰہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتیں ہیں ان کے شکر کے لیے سجدہ بجا لاتے ہیں اور اس مہینے میں روزے کی مشقت کو برداشت کرتے ہیں اور اپنے غریب مسلمان بہن بھائیوں کوصدقات اور زکوٰۃ کے ذریعے اپنی خوشیوں میں شامل کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عید کے موقع پر خاندانوں کا ملنا جلنا ایک روایتی عید کی خوشیوں میں سے ایک ہے، چاند رات کی اپنی خوشیاں ہیں لیکن اس سال جو عید ہے وہ تھوڑے سے بوجھل دل کے ساتھ آرہی ہے کیونکہ دنیا بھر میں ہمیشہ پہلے بھی کشمیر اور فلسطینی بہن بھائیوں کو تو ہم یاد کرتے ہیں اور ساتھ دل کرتا ہے کہ وہ بھی آزاد ہوں اور یہ خوشیاں جو ہیں وہ بھی اسی طرح منائیں جس طرح آزاد مسلمان بنا رہے ہیں لیکن اس سال مشرقِ وسطیٰ میں جو جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں جس کا زیادہ سے زیادہ رقبہ مسلم ممالک میں آتا ہے اس وجہ سے یہ خصوصی دل سے دعا ابھرتی ہے کہ جیسے پاکستان میں حکومت مؤثر اور ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہی ہے مزاکرات کے ذریعے یہ معاملہ حل ہو جائے تو یہی دعا ہے کہ جنگ بندی ہو جائے اور عید کا دن امن کے دن کے ساتھ مسلمانوں کے لیے طلوع ہو۔