• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائداعظم ٹرافی کھیلنے والے پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑی تین ماہ بعد بھی مکمل ادائیگی کے منتظر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر انتظام ملک کا سب سے بڑا فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی 26-2025ء کا اختتام ہوئے تین ماہ گزر چکے ہیں۔ ایونٹ 6 اکتوبر سے 5 دسمبر 2025ء تک کھیلا گیا جس میں 10 ٹیموں نے شرکت کی۔ سعود شکیل کی قیادت میں کراچی بلیوز نے فائنل میں دفاعی چیمپئن سیالکوٹ کو شکست دی۔

قائد اعظم ٹرافی میں 10 ریجن کی طرف سے مجموعی طور پر 226 کھلاڑی کھیلے۔ جس میں پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ 26-2025ء میں شامل 24 کھلاڑی بھی ملک کا سب سے بڑا فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کھیلے، جبکہ سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ چھ کھلاڑی ابرار احمد، بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی (بی کیٹگری)، فہیم اشرف (سی کیٹگری) اور احمد دانیال، سلمان مرزا (ڈی کیٹگری) فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی 26-2025ء کا ایک میچ بھی نہیں کھیلے۔

قائد اعظم ٹرافی میں شرکت کرنے والے دس ریجنز کے 226 کھلاڑیوں کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے 10 مارچ 2026ء کو 30 ہزار روپے میچ فیس کے حساب سے ادائیگی کے چیکس تقسیم کر دیے۔ تاہم پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ 26-2025ء کا حصہ کھلاڑی ملک کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کے تین ماہ مکمل ہونے کے بعد تا حال مکمل ادائیگی کے منتظر ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینٹرل کنٹریکٹ کے صفحہ 25 پر درج شق 9.6 کے تحت پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑی کو قائد اعظم ٹرافی کھیلنے پر 6 لاکھ 28 ہزار 898 روپے میچ فیس کی مد میں ادائیگی ہوگی۔ البتہ سینٹرل کنٹریکٹ کھیلنے والی کھلاڑیوں کو 30 ہزار ہزار روپے میچ فیس کیساتھ ادائیگی کے چیکس موصول ہوئے ہیں۔

اس بارے میں پی سی بی کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک خرم نیازی سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ سینٹرل کنٹریکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو 30 ہزار روپے کے حساب سے میچ فیس کے چیکس دیے گئے ہیں۔

تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بورڈ سینٹرل کنٹریکٹ کے کھلاڑیوں کو 6 لاکھ 28 ہزار 898 روپے ہی ایک میچ فیس کی مد میں ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ابھی کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک میچ فیس کے حساب سے ادائیگی ہوئی ہے اور سیزن کے اختتام پر انہیں سینٹرل کنٹریکٹ کے حساب سے بقایا ادائیگی کے چیکس ادا کر دیے جائیں گے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید