2026ء کے فیفا ورلڈ کپ میں ایک بار پھر ویڈیو اسسٹنٹ ریفری یعنی وی اے آر کے فیصلوں پر بحث شروع ہو گئی ہے، خاص طور پر دفاعی چیمپئن ارجنٹینا اور کپتان لیونل میسی سے متعلق فیصلوں پر سوشل میڈیا پر یہ دعوے کیے جا رہے ہیں کہ ٹیم کو زیادہ فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی ایک خصوصی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دستیاب اعداد و شمار دعوؤں کے برعکس ایک مختلف تصویر پیش کرتے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کی جانب سے مرتب کیے گئے وی اے آر اعداد و شمار کے مطابق گروپ مرحلے سے لے کر راؤنڈ آف 16 تک ارجنٹینا کی ٹیم ان ٹیموں میں دوسرے نمبر پر رہی جنہیں وی اے آر سے سب سے زیادہ فائدہ ملا۔
اعداد و شمار کے مطابق ارجنٹینا کے حق میں وی اے آر مداخلت کی شرح فی 100 فاؤلز 6.7 رہی، جبکہ اس کے خلاف کوئی وی اے آر فیصلہ نہیں آیا۔
اس فہرست میں میکسیکو پہلے نمبر پر رہا جس کے حق میں شرح 7.8 رہی۔
سب سے زیادہ فائدہ حاصل کرنے والی 5 ٹیمیں درج ذیل ہیں۔
میکسیکو: حق میں 7.8، خلاف 0.0
ارجنٹینا: حق میں 6.7، خلاف 0.0
پرتگال: حق میں 4.6، خلاف 0.0
نیوزی لینڈ: حق میں 4.2، خلاف 0.0
سعودی عرب: حق میں 3.6، خلاف 0.0
دوسری جانب کروشیا وہ ٹیم رہی جسے وی اے آر فیصلوں میں سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا۔
کروشیا کے حق میں کوئی وی اے آر فیصلہ نہیں آیا جبکہ اس کے خلاف شرح 6.5 رہی۔
وی اے آر فیصلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی 5 ٹیمیں درج ذیل ہیں۔
کروشیا: حق میں 0.0، خلاف 6.5
ایران: حق میں 0.0، خلاف 5.4
قطر: حق میں 0.0، خلاف 5.1
جرمنی: حق میں 0.0، خلاف 4.0
انگلینڈ: حق میں 0.0، خلاف 3.5
ارجنٹینا کے خلاف الزامات کی وجہ کئی متنازع فیصلے بنے۔
مصر کے خلاف راؤنڈ آف 16 میچ میں مصر کا ایک گول وی اے آر مداخلت کے بعد منسوخ کر دیا گیا جس پر مصری ٹیم نے اعتراض کیا۔
مصر نے برتری حاصل کرنے کے باوجود میچ 2-3 سے ہار دیا۔
اسی طرح الجزائر کے خلاف میچ میں لیونل میسی کے ایک سخت ٹیکل پر بھی بحث ہوئی جس میں کئی افراد کا خیال تھا کہ انہیں سرخ کارڈ ملنا چاہیے تھا لیکن ریفری نے کوئی کارڈ جاری نہیں کیا۔
رپورٹ کے مطابق سوئٹزر لینڈ کے خلاف کوارٹر فائنل میں بریل ایمبولو کو وی اے آر مداخلت کے بعد ملنے والے کارڈ نے بھی تنازع کو مزید بڑھا دیا کیونکہ شائقین نے فیصلے کی ضرورت پر سوال اٹھائے ہیں۔
دوسری جانب فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کا کہنا ہے کہ میدان کے فیصلے غیر جانبدار بنیادوں پر کیے جاتے ہیں لیکن ارجنٹینا کے میچوں میں وی اے آر کے استعمال نے شائقین میں شکوک کو جنم دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اعداد و شمار سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ عالمی کپ کے فیصلے جانبدارانہ ہیں تاہم یہ ضرور ظاہر ہوتا ہے کہ ارجنٹینا کو اب تک وی اے آر کے ذریعے زیادہ فائدہ ملا ہے جبکہ اس کے خلاف کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔