وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ اس ہفتے پیٹرول کی قیمت میں 150 اور ڈیزل میں 250 روپے اضافہ روکا گیا، آنے والے دنوں میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید اوپر جا سکتی ہیں، ہم سب کو مل کر بچت کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل بنانا ہوگا۔
وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ اور وزیر توانائی علی پرویز ملک نے لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی کے حساب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کیا جاتا ہے، ہمیں ہر حال میں تیل کی بچت کو ممکن بنانا ہے۔
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ خطے میں اس وقت کشیدگی کا سامنا ہے، وزیراعظم نے اپنی پوری ٹیم کو اکٹھا کر کے کفایت شعاری کی اور عید کی خوشیوں کومد نظر رکھتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو برقرار رکھا، وزیراعظم کی ٹیم کی مراعات میں کٹوتیاں کی گئیں، کفایت شعاری کے باعث اس ہفتے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے آگے بند باندھا گیا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت اور عوام دونوں کو توانائی کی بچت میں بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا، عوام کو بھی مکمل ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشاورت سے مضبوط نظام قائم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کمزور طبقے کا مضبوط سہارا بننا چاہتی ہے، ہم سب کو مل کر ملک کو اس بحران سے نکالنا ہے۔