• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی ظفر کیخلاف کیس ہارنے کے بعد میشا شفیع نے خاموشی توڑ دی

میشا شفیع — فائل فوٹو
میشا شفیع — فائل فوٹو

پاکستان کی معروف گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع نے گلوکار و اداکار علی ظفر کے خلاف ہتکِ عزت کا کیس ہارنے کے بعد اپنا ردعمل ظاہر کر دیا۔

عدالتی فیصلے میں شکست کے بعد انہوں نے اپنی آواز اٹھانے کو اپنی کامیابی قرار دے دیا۔

میشا شفیع نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر متعدد اسٹوریز شیئر کر دیں۔

ان انسٹا اسٹوریز میں خواتین کے بااختیار ہونے سے متعلق شاعری شامل تھی۔

گلوکارہ نے کہا کہ میں اپنے کام کے ذریعے خود کو سنبھالوں گی، میں ایک صدمے سے گزری ہوں اور اب شفا کے سفر کی جانب بڑھ رہی ہوں۔

میشا شفیع کے مطابق وہ اب بھی مضبوطی سے کھڑی ہیں اور اپنی توجہ صحت یابی کے عمل پر مرکوز رکھیں گی، جبکہ وہ اپنی آواز اٹھانے کو اپنی کامیابی قرار دیتی ہیں۔

واضح رہے کہ میشا شفیع اور علی ظفر پاکستانی میوزک انڈسٹری کے 2 بڑے نام ہیں، جو ماضی میں ناصرف قریبی دوست رہے بلکہ ایک ساتھ کام بھی کر چکے ہیں، تاہم 8 سال قبل میشا شفیع نے علی ظفر پر ہراسانی کے الزامات عائد کر کے سب کو حیران کر دیا تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ علی ظفر نے انہیں نامناسب طریقے سے چھوا اور می ٹو موومنٹ کے تناظر میں وہ حقیقت سامنے لانا چاہتی ہیں، اس کے بعد سے دونوں فنکار قانونی جنگ میں مصروف رہے۔

میشا شفیع نے ہراسانی کا الزام لگایا جبکہ علی ظفر نے ان کے خلاف ہتکِ عزت کا دعویٰ دائر کیا، متعدد سماعتوں کے بعد عدالت نے علی ظفر کے حق میں فیصلہ سنایا اور میشا شفیع کو 50 لاکھ پاکستانی روپے ہرجانے کے طور پر ادا کرنے کا حکم دیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید