کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ کے کیمپ پر حملہ کرنے والے 3 دہشتگردوں کو ہلاک اور ایک زخمی افغان دہشتگرد کو گرفتار کرلیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ جماعت الاحرار کے خوارج نے کیمپ کے مرکزی گیٹ پر دھماکے کے بعد اندر داخل ہونے کی کوشش کی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں پاکستان رینجرز کے 3 جوان شہید اور 4 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے اور لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قوم کی حفاظت کے لیے یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان اپنے جوانوں کی شہادت کا بدلہ لینے کے لیے حملے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے گا۔
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دہشتگردی سے جنگ میں قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی، بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
صدر زرداری نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم دہشتگردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ہے، شہدا کی قربانیاں دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔