• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر میں مرد یا عورت بننے کی کوئی مقابلہ بازی نہیں: ابھیشیک بچن نے ایشوریا رائے کیساتھ کامیاب شادی کا راز بتا دیا

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن نے حالیہ انٹرویو میں اپنی اہلیہ ایشوریا رائے کے ساتھ 18 سالہ ازدواجی زندگی، خاندانی اقدار اور والدین کے طور پر ذمے داریوں پر کُھل کر گفتگو کی ہے۔

بھارتی یوٹیوبر لَلی سنگھ کو دیے گئے انٹرویو میں ابھیشیک بچن نے بتایا کہ میری شادی کی بنیاد برابری اور شراکت داری پر قائم ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ میرے گھر میں کبھی یہ بحث نہیں ہوئی کہ مرد کا کردار کیا ہو گا یا عورت کا کردار کہاں تک ہونا چاہیے۔

اداکار نے کہا کہ میری سوچ میں ’شدید انا‘ کا مطلب منفی نہیں بلکہ یہ ہے کہ میں کبھی نہیں چاہتا کہ میری کامیابی کے لیے میری اہلیہ کو پیچھے ہٹنا پڑے، ایک مضبوط رشتہ وہی ہوتا ہے جہاں دونوں افراد اپنی شناخت اور کیریئر کے ساتھ آگے بڑھیں۔

ابھیشیک بچن نے بتایا کہ میں ایشوریا رائے کو اپنے کیریئر کے آغاز سے جانتا ہوں اور ہم دونوں نے فلم ’ڈھائی اکشر پریم کے‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا جب ہم صرف اچھے دوست تھے۔

خاندانی زندگی پر بات کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ میں اور ایشوریا رائے اپنی بیٹی آرادھیا بچن کی تربیت مثال قائم کر کے کرنے پر یقین رکھتے ہیں، بچے نصیحت سے زیادہ والدین کے عمل سے سیکھتے ہیں۔

ابھیشیک نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ والد اکثر اچھے استاد نہیں ہوتے کیونکہ جذبات فیصلوں پر اثر انداز ہوتے ہیں جبکہ مائیں زیادہ حساس انداز میں بچوں کی رہنمائی کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے کی شادی 20 اپریل 2007ء کو ہوئی تھی اور اس سال وہ اپنی شادی کے 19 سال مکمل کریں گے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید