نامور بھارتی فلم ساز ڈیوڈ دھون اپنے بیٹے کی نئی فلم کے ٹریلر لانچ کے موقع پر جذباتی ہوگئے اور کہا کہ ہر کسی کے پاس ورون دھون جیسا بیٹا ہونا چاہیے۔
فلم ہے جوانی تو عشق ہونا ہے کا ٹریلر ریلیز کر دیا گیا۔ ممبئی میں منعقدہ تقریب میں فلم کے اداکار ورون دھون، اداکارہ مرونل ٹھاکر اور پوجا ہیگڑے سمیت پوری ٹیم شریک ہوئی۔
اس موقع پر ہدایتکار ڈیوڈ دھون بھی موجود تھے، جو پریس کانفرنس کے دوران جذباتی ہو گئے اور اپنے بیٹے ورون دھون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ مشکل وقت میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہے۔
ڈیوڈ دھون نے میڈیا سے گفتگو میں کہا، ’وہ سب سے پہلے ایک بہترین بیٹا ہے۔ اس نے ہمیشہ میری صحت اور ہر معاملے کا خیال رکھا۔ اسپتال میں بھی میرے ساتھ رہا اور میرے پاس سویا۔ ایک اداکار کے طور پر وہ بہتر ہو رہا ہے، لیکن بطور بیٹا، میں کہوں گا کہ ہر کسی کے پاس ایسا بیٹا ہونا چاہیے۔‘
یاد رہے کہ 2022 میں ڈیوڈ دھون کو ذیابیطس کی پیچیدگیوں کے باعث اسپتال میں داخل ہونا پڑا تھا جہاں ورون دھون نے ان کی بھرپور دیکھ بھال کی تھی۔