بالی ووڈ اداکار بوبی دیول نے بلاک بسٹر فلم اینیمل میں اپنے خطرناک ولن کے کردار سے متعلق دلچسپ انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ کردار آخر کیسے ملا)
ایک حالیہ انٹرویو میں بوبی دیول نے بتایا کہ فلم کے ہدایت کار نے میری ایک تصویر دیکھنے کے بعد خود رابطہ کیا تھا۔
بوبی دیول کے مطابق ہدایت کار نے کہا کہ اس تصویر میں آپ کے چہرے کے تاثرات بالکل ویسے ہی ہیں جیسے میں اپنے کردار کے لیے چاہتا تھا۔
اداکار نے بتایا کہ یہ تصویر سیلیبریٹی کرکٹ لیگ کے دوران لی گئی تھی اور یہی تصویر میرے لیے فلم میں انٹری کا سبب بنی۔
بوبی دیول نے انکشاف کیا کہ ابتداء میں اس کردار کے حوالے سے تذبذب کا شکار تھا کیونکہ فلم میں میرے کردار کے کوئی ڈائیلاگز نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ جب سندیپ نے بتایا کہ میرا کردار گونگا ہو گا تو میں نے سوچا کہ میری آواز ہی میری سب سے بڑی طاقت ہے، لیکن پھر بھی میں نے یہ کردار قبول کر لیا۔
انہوں نے بتایا کہ کردار کی تیاری کے لیے میں نے سائن لینگویج سیکھی اور جسمانی تاثرات پر خاص محنت کی، فلم کی شوٹنگ شروع ہونے سے پہلے مجھے تقریباً ڈیڑھ سال انتظار کرنا پڑا۔
بوبی دیول نے بتایا کہ فلم ریلیز ہونے کے بعد والد دھرمیندر کا ردِعمل بھی دلچسپ تھا، انہوں نے حیرت سے پوچھا کہ کیا تم واقعی ولن ہو؟ میں نے جواب دیا کہ جی ڈیڈ، لیکن یہ بہت اچھا کردار ہے۔
اداکار نے بتایا کہ فلم کی کامیابی اور مداحوں کی جانب سے ملنے والی بے حد مقبولیت کے بعد دھرمیندر پیار سے مجھے لارڈ بوبی کہہ کر بلانے لگے۔
واضح رہے کہ فلم اینیمل میں بوبی دیول کے مختصر مگر طاقتور کردار نے شائقین کو بے حد متاثر کیا اور ان کی خاموش اداکاری سوشل میڈیا پر بھی طویل عرصے تک موضوعِ بحث بنی رہی۔