پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ مفت کر دی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ مفت کی، وزارت داخلہ مفت ٹرانسپورٹ کا 35 کروڑ روپے کا بوجھ برداشت کرے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس سروس، اسپیڈو بس اور گرین الیکٹرو بس کے مسافروں کو ٹکٹ نہیں خریدنا پڑے گا۔
مریم نواز نے کاشتکاروں کو فی ایکڑ، ایک لیٹر ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، غیر معمولی حالات میں شہری ذاتی سواری کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر مملکت علی پرویز ملک نے کہا تھا کہ موٹر سائیکل سواروں کو ہر ماہ 20 لیٹر پٹرول رعایتی قیمت پر ملے گا، انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ کو ڈیزل پر فی لیٹر 100 روپے سبسڈی ملے گی، ٹرکوں اور گڈز ٹرانسپورٹ کو فیول پر 70 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جائے گی۔