پشاور میں گزشتہ روز آنے والے زلزلے کے باعث ڈھکی منور شاہ کے علاقے میں واقع تاریخی اداکار راج کپور کی حویلی کو نقصان پہنچا ہے اور اس کی ایک دیوار گر گئی۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکوں سے عمارت متاثر ہوئی ہے۔
ڈائریکٹر آثارِ قدیمہ عبدالصمد نے بتایا ہے کہ راج کپور حویلی تقریباً 200 سال پرانی تاریخی عمارت ہے۔
اُنہوں نے بتایا ہے کہ کہ حکومت کی جانب سے راج کپور حویلی اور دلیپ کمار کے آبائی گھر کو قومی ثقافتی ورثہ قرار دیا جا چکا ہے۔
عبدالصمد کے مطابق دونوں تاریخی عمارتوں کی بحالی کے لیے 3 کروڑ 40 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں تاہم فنڈز جاری نہ ہونے کے باعث تاحال بحالی کا کام شروع نہیں کیا جا سکا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد، خیبر پختون خوا، پنجاب اور آزاد کشمیر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلے کے جھٹکے پشاور، نوشہرہ، اسلام آباد، راولپنڈی، مظفر آباد، سرگودھا اور مری میں محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا اور گہرائی 190 کلومیٹر تھی۔