امریکی سپر ماڈل جیجی حدید نے جیفری ایپسٹین سے متعلق سامنے آنے والی فائلز میں نام آنے پر خاموشی توڑتے ہوئے سخت ردعمل دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکی محکمۂ انصاف کی دستاویزات میں 2015ء کی ایک ای میل میں جیفری ایپسٹین اور ایک نامعلوم شخص کے درمیان گفتگو میں جیجی حدید اور ان کی بہن بیلا حدید کا ذکر کیا گیا تھا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر بحث شروع ہو گئی۔
جیجی حدید نے ایک صارف کے تبصرے کا جواب دیتے ہوئے ایپسٹین کو انتہائی گھٹیا انسان قرار دیا اور کہا کہ یہ نہایت افسوسناک ہے کہ کوئی ایسا شخص جس سے وہ کبھی ملی ہی نہیں، اس طرح ان کا ذکر کرے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جب یہ ای میل لکھی گئی اس وقت ان کی عمر تقریباً 20 یا 21 سال تھی اور ان کا ایپسٹین سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ حقیقی متاثرین کی کہانیوں سے توجہ ہٹانا نہیں چاہتیں، لیکن اپنے بارے میں پھیلائی جانے والی غلط فہمی کو دور کرنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ دستاویزات کے مطابق 2015ء کی ای میل میں ایک شخص نے حدید بہنوں کی کامیابی پر سوال اٹھایا، جس پر ایپسٹین نے مبہم جواب دیا تھا۔
یاد رہے کہ جیفری ایپسٹین کو 2019ء میں جنسی اسمگلنگ کے الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا اور بعد ازاں وہ جیل میں مردہ پائے گئے تھے۔