• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور: ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹ سے شکست دے دی

فوٹو: پی ایس ایل
فوٹو: پی ایس ایل 

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن  کے 13 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹ سے شکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی اور ایونٹ میں اپنی تیسری فتح حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی، محمد نواز کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیے گئے 167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسٹیون اسمتھ نے دھواں دار آغاز فراہم کیا اور پہلے ہی اوور میں چھکا اور دو چوکے لگائے، انہوں نے صرف 29 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی اور جوش فلپ کے ساتھ 71 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ قائم کی، جس سے میچ کا رخ ابتدا ہی میں واضح ہو گیا۔

ملتان سلطانز کے اسٹیون اسمتھ نے 53  رنز بنائے جبکہ شان مسعود 46 رنز بنا کر نا قابل شکست رہے، شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے آخر تک کریز پر رہ کر ٹیم کو با آسانی ہدف تک پہنچایا، سلطانز نے 167 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ صاحبزادہ فرحان نے 32 رنز اسکور کیے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حسن نواز نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل  کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 20 اوورز میں 7وکٹ پر 166رنز اسکور کیے تھے۔ کپتان سعود شکیل نے 56 اور بیون جیکبز نے 49 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو گلیڈی ایٹرز کا آغاز اچھا نہیں رہا اور ابتدائی اوورز میں دونوں اوپنرز جلد آؤٹ ہو گئے۔

 ملتان کی جانب سے اسپنرز نے پاور پلے میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے دباؤ برقرار رکھا، جس کے باعث 6 اوورز کے بعد اسکور 2 وکٹوں پر 47 رنز تھا۔

سعود شکیل کو ایک آسان کیچ ڈراپ ہونے کے بعد زندگی ملی، جس کا انہوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ انہوں نے حسن نواز کے ساتھ 55 رنز کی اہم شراکت قائم کر کے اننگز کو سنبھالا اور 41 گیندوں پر 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جس کے بعد ملتان سلطانز کے عرفات منہاس نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے وکٹیں لے کر گلیڈی ایٹرز کی رفتار سست کر دی۔

اننگز کے آخری حصے میں  بیون جیکبز نے  ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا اور بیون جیکبز 31 گیندوں پر  49 بنا کر ناقابل شکست رہے۔

ملتان سلطانز کے محمد نواز نے تین اور عرفات منہاس نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید