• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بس میں بزرگ شخص کیساتھ ویڈیو وائرل، بھارتی اداکارہ وضاحت دینے پر مجبور

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا 

بھارتی اداکارہ انوشکا پیمپٹکر نے بس میں ایک بزرگ شخص کے قریب کھڑے ہونے کی وائرل ویڈیو پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منظر ان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’جنک‘ کی تشہیری مہم کا حصہ تھا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں اداکارہ کو بس میں ایک بزرگ شخص کے قریب کھڑے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد متعدد صارفین نے اداکارہ پر بزرگ شخص کے ساتھ زبردستی قریب ہونے اور سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔

تاہم انوشکا پیمپٹکر نے انسٹاگرام پر جاری ویڈیو بیان میں کہا کہ اصل ویڈیو ان کی فلم ’جنک‘ کے پروموشنل کیمپین کے لیے بنائی گئی تھی۔

اداکارہ کے مطابق اصل ویڈیو کے آخر میں فلم کا نام اور ریلیز کی تاریخ بھی بتائی گئی تھی، لیکن بعض افراد نے ویڈیو سے یہ حصہ ہٹا کر صرف مختصر کلپ سوشل میڈیا پر دوبارہ شیئر کردیا، جس کے بعد اس کا سیاق و سباق تبدیل ہوگیا۔

انوشکا نے کہا کہ کچھ لوگوں نے ویوز اور فالوورز حاصل کرنے کے لیے ویڈیو میں ترمیم کرکے اسے وائرل کیا، جس سے ناظرین نے واقعے کو غلط انداز میں سمجھا۔

انہوں نے صحافیوں، نیوز پورٹلز اور پی آر پیجز کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ویڈیو کو شیئر کرنے سے پہلے اس کی حقیقت کی تصدیق ضروری ہے۔

اداکارہ نے اپیل کی کہ گمراہ کن انداز میں شیئر کی جانے والی ویڈیو کو سوشل میڈیا سے حذف کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دیکھ کر مایوسی ہوئی ہے کہ بعض لوگ ویوز اور فالوورز کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ فلم ’جنک‘ ایک کورٹ روم ڈراما ہے، جس کی ہدایت کاری ابھیشیک کنور نے کی ہے۔ فلم 13 نومبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید