سندھ کے علاوہ ملک بھر میں روزمرہ استعمال کی اشیاء کی دکانیں، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اور مارکیٹیں مالز رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق بیکریاں، ریسٹورنٹس ، شادی ہالز رات 10 بجے بند ہوں گی ، فیصلوں کا اطلاق 7 اپریل سے ہوگا۔
پنجاب،خیبر پختونخوا،بلوچستان، اسلام آباد ، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں فیصلوں پرعملدرآمد ہوگا، خیبر پختونخوا کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بازار، شاپنگ مالز رات 9 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہو گی۔
اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ میں مارکیٹس اور دیگر اوقات کار پرمشاورت کا عمل جاری ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کے مطابق گلگت شہر اور مظفرآباد شہر میں انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ ایک ماہ کے لیے مفت ہو گی، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان میں مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق روزمرہ استعمال کی اشیاء کی دکانیں، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اور مالز بھی رات 8 بجے بند ہوں گے، بیکریاں، ریسٹورنٹس، تندور، اور کھانے پینے کی دکانیں رات 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، میرج ہالز اور مارکیٹ رات 10 بجے کے بعد بند رہیں گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نجی پراپرٹیز اور گھروں میں بھی شادی بیاہ کی تقریبات پر رات 10 بجے کے بعد پابندی ہوگی، جبکہ میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز کے اوقات کار ان پابندیوں سے مستثنا ہوں گے۔