پاکستانی فضائیہ کے ایف 16 لڑاکا طیاروں نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے طیارے کو مذاکرات کے لیے اسلام آباد پہنچنے پر فضائی حدود میں سیکیورٹی فراہم کی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بن گئی۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر 21 سیکنڈ کی وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاک فضائیہ کے 5 ایف-16 طیارے امریکی فضائیہ کے بوئنگ سی 32 اے طیارے کے ہمراہ پاکستانی فضائی حدود میں پرواز کر رہے ہیں۔
پاک فضائیہ نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے طیارے کو اسلام آباد کے قریب نور خان ایئر بیس پر اترنے تک سیکیورٹی فراہم کی۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے تناظر میں مذاکرات کی قیادت کے لیے اسلام آباد پہنچے ہیں۔
وہ آج ایرانی وفد کے ساتھ ملاقات کریں گے، جو 1979ء کے اسلامی انقلاب کے بعد واشنگٹن اور تہران کے درمیان اعلیٰ سطح کے بالمشافہ مذاکرات کا ایک اہم موقع تصور کیا جا رہا ہے۔
جے ڈی وینس کے علاوہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر اور خصوصی مندوب اسٹیو وٹکوف بھی مذاکرات میں شریک ہونگے۔
ایرانی وفد کی قیادت پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی کریں گے، تاہم دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی کمی بدستور برقرار ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ ہماری نیت اچھی ہے، لیکن ہمیں اعتماد نہیں، امریکا کے ساتھ مذاکرات کا ہمارا تجربہ ہمیشہ ناکامی اور وعدہ خلافیوں پر مشتمل رہا ہے۔
پاکستان کے وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے امریکا اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ تعمیری انداز میں بات چیت کریں اور اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان دونوں فریقین کے درمیان دیرپا حل کے لیے سہولت کاری جاری رکھے گا۔
اس سے قبل امریکا اور ایران کے درمیان مذاکراتی شرائط پر اختلافات سامنے آ چکے ہیں۔