معروف امریکی گلوکارہ سبرینا کارپینٹر نے عرب کے جشن منانے کے روایتی انداز ’زغروطه‘ کو عجیب کہنے پر معافی مانگ لی۔
سبرینا کارپینٹر کو حال ہی میں اپنی کوچیلا پرفارمنس کے دوران عرب کے جشن منانے کے روایتی انداز ’زغروطه‘ کو’عجیب‘ قرار دینا مہنگا پڑ گیا۔
گلوکارہ کی پرفارمنس کے دوران شرکاء میں موجود ان کے ایک عربی مداح نے اپنے روایتی انداز میں خوشی کا اظہار کیا تو اُنہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہاں پر کوئی یوڈیلنگ کر رہا ہے۔
سبرینا کارپینٹر نے کہا کہ مجھے یہ بالکل پسند نہیں ہے، جس پر عربی مداح نے جواب دیا کہ یہ ہماری ثقافت کا حصّہ ہے۔
یہ جواب سن کر گلوکارہ نے پوچھا کہ کیا یوڈیلنگ آپ کی ثقافت ہے؟
عربی مداح نے وضاحت کی کہ یہ آواز ہماری ثقافت میں کسی خوشی کے موقع پر جشن منانے کے لیے نکالی جاتی ہے۔
سبرینا کارپینٹر یہ وضاحت سننے کے بعد کہا کہ یہ بہت عجیب آواز ہے۔
گلوکارہ اور مداح کے درمیان ہونے والی یہ گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور صارفین کی جانب سے اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
سبرینا کارپینٹر پر تنقید کرنے والوں نے اُنہیں ’بے حس انسان‘ قرار دے دیا۔
گلوکارہ نے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنے کے بعد مداحوں سے معافی مانگ لی۔
واضح رہے کہ عرب ممالک میں خوشی کے موقع پر خاص انداز میں ایک آواز نکالی جاتی ہے جسے ’زغروطه‘ کہتے ہیں۔