بھارتی فلموں اور ٹیلی ویژن کے اداکار راجیش کمار نے بالی ووڈ کے طبقاتی نظام کے بارے میں کہا کہ اہم رول کرنے والے ہیرو اکثر سپورٹنگ کاسٹ کے ساتھ ریہرسل کرنا بھی پسند نہیں کرتے، جس کی وجہ سے اداکاری میں ہم آہنگی پیدا نہیں ہوتی۔
بھارتی ریاست بہار کے ضلع گیا سے تعلق رکھنے والے 51 سالہ راجیش کمار نے کئی فلموں میں بڑے اداکاروں کے ساتھ بطور معاون اداکار کام کیا اور اپنی اداکاری سے فلموں میں ایک تاثر چھوڑا۔
حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل پر انٹرویو کے دوران انکا کہنا تھا کہ کئی مواقع پر تو مرکزی اداکار سپورٹنگ کاسٹ سے بات تک نہیں کرتے۔
2025 کی کامیاب فلم سائی یارا میں انیت پڈا کے والد کا کردار ادا کرنے والے راجیش کا کہنا تھا کہ فلم کے سیٹ پر اکثر صرف چند لوگ ہی اہم فیصلے کرتے ہیں، جن میں ہدایتکار، سنیماٹوگرافر، فلم کا ہیرو اور فلم کا لکھاری شامل ہوتے ہیں۔ باقی لوگ تو ان چار پانچ افراد کو ہر چیز پر بات کرتے ہوئے صرف دیکھتے ہیں۔
راجیش کمار نے ایک واقعہ بھی شیئر کیا اور بغیر کسی کا نام لیے بتایا کہ ایک بڑے اداکار نے ان کی طرف دیکھنا بھی گوارا نہیں کیا، انکا کہنا تھا کہ ایسے بڑے اداکار آپ کی طرف دیکھے بغیر اسسٹنٹ سے پوچھتے ہیں، یہ ایسا کیوں بول رہے ہیں؟ نہیں، ہمیں ریہرسل کی ضرورت نہیں، ہم سیدھا ٹیک کریں گے۔
انھوں نے کہا میں صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہمیں اس نظام سے باہر نکلنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ راجیش کمار کو 2004 سے 2006 اور 2017 کے دوران پیش کیے جانے والے ہندی ٹیلی ویژن سٹکوم ڈرامہ سارا بھائی ورسز سارا بھائی سے شہرت ملی۔ اسکے علاوہ وہ با بہو اور بے بی اور نیلی چھتری والے جیسے مقبول شوز، کوٹا فیکٹری اور یہ میری فیملی جیسی ویب سیریز میں بھی کام کرچکے ہیں۔