بالی ووڈ اداکار سنیل شیٹی کا اپنی 15 ماہ کی پوتی سے متعلق دیا گیا بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، جہاں متعدد صارفین نے اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
سنیل شیٹی نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں وزیر اعظم نریندر مودی کا بڑا مداح ہوں۔
اداکار نے کہا کہ میں کسی سیاسی جماعت کی نہیں بلکہ ایک لیڈر کی بات کر رہا ہوں، میں اپنے ملک سے جتنی محبت کرتا ہوں، اتنی ہی اس شخص سے بھی کرتا ہوں، ان میں ایک خاص کشش ہے۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ میری 15 ماہ کی پوتی، جسے ایک مرتبہ نریندر مودی کی تصویر دکھائی گئی تھی، اب وہ روزانہ کتاب کھول کر اس میں موجود مودی کی تصویر کے سامنے مودی جی، مودی جی کہتی ہے ۔
سنیل شیٹی کا کہنا ہے کہ ہم میں سے کسی نے بھی اسے ایسا کرنا نہیں سکھایا، نہ میں نے، نہ اس کی والدہ نے اور نہ ہی آیا نے، 15 ماہ کے بچے سے لے کر 65 سال کے بزرگ تک، مودی نے سب کو متاثر کیا ہے، ان میں واقعی کچھ جادو ہے۔
یہ بیان سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر صارفین کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔
کئی صارفین نے اس بیان کو برین واشنگ اور خوشامد کی انتہا قرار دیا، جبکہ بعض نے سوال اٹھایا کہ 15 ماہ کا بچہ اتنی سیاسی سمجھ کیسے رکھ سکتا ہے۔
کچھ صارفین نے الزام لگایا کہ بچوں کی معصومیت کو سیاسی شخصیت کے تاثر کو فروغ دینے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب بعض افراد نے سنیل شیٹی پر حکومت کو خوش کرنے کی کوشش کا الزام بھی عائد کیا۔