• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی 20 ورلڈ کپ فکسنگ اسکینڈل: کینیڈین کپتان اور بشنوئی گینگ میں تعلق سامنے آ گیا

— فائل فوٹوز
— فائل فوٹوز

ٹی20 ورلڈ کپ میں مبینہ میچ فکسنگ اسکینڈل میں کینیڈین کپتان دلپریت باجوا اور لارنس بشنوئی گینگ کے درمیان تعلق کے حوالے سے سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اس وقت ٹی20 ورلڈ کپ میں مبینہ فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کر رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق گروپ اسٹیج میں کینیڈا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ کے دوران ہونے والے اس مبینہ فکسنگ اسکینڈل میں لارنس بشنوئی گینگ کا براہِ راست ہاتھ تھا۔

آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ (اے سی یو) نے کینیڈا کے کپتان دلپریت باجوا کے کردار کی چھان بین شروع کر دی ہے۔

دلپریت باجوا کی کارکردگی سب سے پہلے اس وقت مشکوک قرار دی گئی جب انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف ایک غیر معمولی اور مہنگا اوور کروایا، اسپاٹ فکسنگ کے شبہات کے بعد اے سی یو نے دلپریت باجوا کے خلاف تحقیقات کیں۔

کینیڈین براڈکاسٹنگ کارپوریشن (سی بی سی) کی ایک رپورٹ میں براہِ راست لارنس بشنوئی گروپ کو اس اسکینڈل سے جوڑا گیا ہے، یہ گروہ کینیڈا میں ایک پُرتشدد مجرمانہ تنظیم کے طور پر دہشت گرد قرار دیا جا چکا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہی گینگ گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں بھی ملوث رہا ہے اور اسی نے دلپریت باجوا کو کپتانی تک پہنچانے میں کردار ادا کیا۔

تحقیقات سے اشارہ ملتا ہے کہ یہ نیٹ ورک مخصوص منتظمین اور کھلاڑیوں کو اہم عہدوں پر لانے کی کوشش کر رہا تھا۔

ان الزامات کا مرکزی کردار دلپریت باجوا ہیں، جنہیں 2026ء ٹی20 ورلڈ کپ سے چند ہفتے قبل کپتان مقرر کیا گیا، جس پر شدید تنازع کھڑا ہوا۔

مبینہ طور پر گینگ نے دھمکیوں کے ذریعے ناصرف انہیں ٹیم میں برقرار رکھا بلکہ قیادت تک پہنچایا۔

کیا کینیڈین کرکٹ کے صدر بھی ملوث؟

سی بی سی کی رپورٹ میں موجودہ کرکٹ کینیڈا کے صدر اروندر کھوسہ کے عروج کو بھی ان واقعات سے جوڑا گیا ہے اور دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کے ان افراد سے روابط تھے جنہوں نے دھمکیاں دی تھیں، تاہم اروندر کھوسہ نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں سیاسی بنیادوں پر ساکھ خراب کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق انہوں نے سابق صدر امجد باجوہ سے ریسٹورنٹ واقعے کے حوالے سے بات بھی کی، تاہم امجد باجوہ نے اس واقعے سے لاعلمی ظاہر کی۔

یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ اروندر کھوسہ ان افراد میں شامل تھے جنہوں نے ان کے صدر بننے سے پہلے ہی دلپریت باجوا کو کپتان بنانے کی تجویز دی تھی۔

کینیڈین حکومت نے لارنس بشنوئی گینگ کو جنوبی ایشیائی کمیونٹی کو نشانہ بنانے والی پرتشدد کارروائیوں، بھتہ خوری اور فائرنگ کے واقعات کے بعد باضابطہ طور پر دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید