آسٹریلوی بیٹر میتھیو شارٹ نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کو پاکستان کے گرم موسم سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ آسٹریلیا کے کئی کھلاڑی حال ہی میں سمر کرکٹ کھیل چکے ہیں۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آسٹریلوی بیٹر کا کہنا تھا کہ اسپن کنڈیشنز میں آسٹریلیا کی حالیہ پرفارمنس مایوس کن رہی ہے، اسپن کنڈیشنز میں بہتر پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے ٹیم سلیکشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ چند سینئر کھلاڑی اسکواڈ میں موجود نہیں ہیں، نوجوان کھلاڑیوں کےلیے یہ اچھا موقع ہے۔ دورۂ پاکستان کیلئے سینئرز اور نئے کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ تشکیل دیا ہے۔
میتھیو شارٹ کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ اہم ہے، لیکن ون ڈے سیریز بھی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کھلاڑیوں کی سیکیورٹی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی بہترین ہے، جب بھی آتے ہیں خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں۔
میتھیو شارٹ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں ابھی کافی وقت باقی ہے، ہماری نظریں ورلڈکپ پر ہیں، ہر کھلاڑی کو ورلڈکپ سے قبل اپنی تیاری مکمل کرنی ہے۔
انہوں نے پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کو ہوم سیریز میں ہرگز آسان نہیں لیا جا سکتا۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی ہوم کنڈیشنز میں پی ایس ایل کھیلی ہے۔ مارنس لبوشین ہمیشہ کچھ نہ کچھ مشورے دیتے رہتے ہیں۔
آسٹریلوی بیٹر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم گزشتہ کافی عرصے سے پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ دورہ پاکستان کے تجربے کو ون ڈے سیریز میں استعمال کریں گے۔