کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سنیئر نائب صدر اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی کے چیئرمین سردار یعقوب خان ناصر نے کہا ہے کہ یوم آزادی کا تقاضا ہے کہ ملکی سلامتی ‘خوشحالی اور استحکام کیلئے معاشرے کے تمام طبقات مل کر حکومت‘ فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھ مضبوط کریں سانحہ سول ہسپتال کوئٹہ کے شہداء نے پوری قوم کو بلا تفریق رنگ ونسل متحد کردیا شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائیگا اور بہت جلد بلوچستان اور پاکستان میں امن کا سورج طلوع ہوگا، یہ بات انہوں نے اتوار کوجشن آزادی کی مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہی‘ انہوںنے کہاکہ یوم آزادی اتحاد و اتفاق اخوت قومی یکجہتی بھائی چارے اور امن سلامتی کا پیغام دیتا ہے 14اگست تجدید عہد اور پاکستان سے محبت و وفاداری کا دن ہے ، موجودہ حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل کو تحریک آزادی کے قائدین کی زندگی اور کارناموں سے روشناس کرایا جائے اور جشن آزادی کے موقع پر پوری قوم ایک بار پھر اس پختہ عزم کا اعادہ کرئے کہ وطن عزیز کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا حصہ ڈال کر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے خواب کو عملی جامعہ پہنائیں گے ۔