کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلی سندھ نے کینالز تنازعہ پر احتجاج کرنیوالوں سے دھرنا ختم کرنے کی اپیل کردی۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کینالز کے خلاف دھرنا دینے والوں سے کہا کہ مظاہرین وفاقی حکومت نے سندھ کا موقف مان لیا ہے، متنازع کینالز کا منصوبہ ختم ہوگیا ہے۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ متنازع کینال منصوبوں کا تنازع حل ہوگیا ہے دھرنا ختم کریں، وزیراعظم شہباز شریف نے پیپلزپارٹی کا موقف اصولی طور پر تسلیم کرلیا۔
انھوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں سندھ کے موقف کی فتح ہوئی ہے، مشترکہ مفادات کونسل میں سندھ کا کیس بھرپوراندازمیں رکھیں گے۔
مرادعلی شاہ نے کہا کہ جب تک پیپلزپارٹی ہے سندھ کے پانی کا ایک قطرہ کسی کو نہیں دیا جائیگا، نہروں کے معاملے پر آفیشل اعلان آگیا، اب احتجاج ختم ہونا چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے جمہوری طریقہ اختیار کیا، انتشار کی سیاست والے ناکام ہوگئے، سی سی آئی میں 2مئی کو نہروں کا معاملہ واپس ہوجائیگا۔